ہندوستان

تلنگانہ میں اردو زبان کو روزگار سے جوڑنے کے لیے اہم پیشرفت !

تلنگانہ میں اردو زبان کو روزگار سے جوڑنے کے لیے اہم پیشرفت !
اردو زبان میں مسابقتی امتحانات منعقد کروانے کے لیے ایک مؤثر نظام بنانے کی تیاری، اسمبلی کے جاریہ سیشن ہوسکتا ہے اعلان
حیدرآباد ۔ 19 ستمبر 2019 (نیوز 18۔ مرزا غنی)
تلنگانہ میں کے وزیراعلیٰ چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں کام کرنے والی حکومت اردو زبان کو روزگار سے جوڑنے کے لئے اقدامات کرتی نظر آرہی ہے۔

تلنگانہ حکومت نے ریاست بھر میں اردو زبان کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے اتنا ہی نہیں ٹی آر ایس حکومت نے ریاست میں ہونے والے تمام مسابقتی امتحانات کو اردو زبان میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب کے سی آر حکومت تلنگانہ میں سرکاری نوکریوں کے لیے تمام مسابقتی امتحانات کو اُردو میں بھی منعقد کروانے کے لیے ملک بھر میں اپنی طرز کے پہلے نظام کو مرتب کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھرراؤ کی جاریہ اسمبلی سیشن میں اس سلسلہ میں اعلان کرسکتے ہیں- اُمید ہے ریاستی حکومت کی جانب سے اس نظام کو مرتب کرنے کے بعد ہرمسابقتی امتحان سے پہلے اُردو داں طلباء کو اُردو زبان میں بھی پرچہ کی دستیابی کیلئے نمائندگی کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔

اس سلسلے میں جب نیوز 18 نے تلنگانہ میں مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ اس نظام کو مرتب کرنے کے لئے غوروخوص جاری ہے اور جلد ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ وہ کل صبح ریاستی وزیر بہبود سے ملاقات کرنے والے ہیں- تاہم اس سلسلے میں مزید تفصیلات پوچھنے پر اے کے خان نے ہمیں انتظار کرنے کا مشورہ دیا-

ان کا کہنا ہے کہ تلنگانہ حکومت نے تمام محکموں میں خالی اسامیوں پر بھرتی کے لیے ہونے والے امتحانات کو اردو میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں بیشتر محکموں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے تاہم حکومت، ایک ایسا طریقہ کار یا نظام بنانے کی تیاری کر رہی ہے جس سے مستقبل میں ہونے والے تمام امتحانات کو اردو زبان میں ہی منعقد کیا جائے۔

واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے ماضی میں ریاست میں اردو افسروں کا تقرر عمل میں لایا تھا۔اردو افسروں کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ تمام سرکاری محکموں میں اردو زبان میں موصول ہونے والے عوامی میں درخواستوں کا ترجمہ کرکے اسے متعلقہ وزیر یا ضلع کلکٹر ضلع کلکٹر تک پہنچائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسابقتی امتحانات کے علاوہ ریاست میں منعقد ہونے والے انٹرنس ٹیسٹوں، جیسے ایمیسٹ ، آئی سیٹ، لاء سیٹ بھی اردو زبان میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیجئے

Close