ہریانہ : امام اور ان کی اہلیہ کے قتل معاملہ میں ستبیر نامی ملزم گرفتار !

سونی پت ۔ 10 ستمبر 2019
ہریانہ میں سونی پت ضلع کے گنور ڈویژن میں منک مجری گاؤں کے مسجد کے امام اور ان کی اہلیہ کے قتل کے معاملے میں پولس نے ملزم ستبیر کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم اسی گاؤں کا رہنے والا ہے اور اس نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ پولس نے ملزم کو منگل کے روز عدالت میں پیش کر دیا۔

واضح رہے کہ مسجد کے پیچھے بنے کمرے میں امام محمد عرفان اور ان کی اہلیہ یاسمین رہتی تھیں اور گزشتہ اتوار کو دونوں کو رات میں سوتے وقت قتل کر دیا گیا تھا۔

پولس نے اس انتہائی حساس نوعت کے معاملہ سے 24 گھنٹے کے اندر پردہ اٹھا دیا ہے۔ پولس کے مطابق تفتیش کے دوران گاؤں کے ہی ایک رہائشی خورشید نے بتایا کہ ملزم ستبیر کو امام پر شک تھا کہ وہ اس کے خلاف کالا جادو کرتے ہیں اور اس وجہ سے اس کے والد اور بھائی بیمار رہنے لگے۔

گرفتار شدہ ملزم ستبیر نے پولس کو بتایا کہ وہ رات کو چارپائی کا پایہ لے کر امام عرفان کے گھر میں گھس گیا اور سوتے وقت ان کے سر پر کئی وار کئے۔ اسی دوران ان کی اہلیہ جاگ گئی تو اس نے ان پر بھی حملہ کر دیا اور دونوں کو قتل کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں