دیوبند

جامعہ طبیہ دیوبند کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر انور سعید کو ایوارڈ ملنے پر ادارہ کی جانب سے استقبالیہ پروگرام کا انعقاد

دیوبند، 6؍ دسمبر (رضوان سلمانی) جامعہ طبیہ دیوبند کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر انور سعید کو چنئی اور حیدرآباد میں گزشتہ دنوں نیر طب حکیم اشرف احمد ایوارڈ اور ابن بیتار نیشنل ایوارڈ سے نوازے جانے پر جامعہ طبیہ دیوبند میں ایک استقبالیہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کالج کے اسٹاف اور طلبہ طالبات نے ڈاکٹر انور سعید کو ان کی طبی خدمات کے پیش نظر ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شمیم ارشاد نے کہا کہ طب یونانی کی خدمات کے لئے جو ایوارڈ ڈاکٹر انور سعید کو دیا گیا ہے وہ ہم سب کے لئے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند صرف ایک ادارہ ہی نہیں بلکہ طب یونانی کی تحریک کا ایک شاندار مرکز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے بانی مرحوم ڈاکٹر شمیم احمد سعیدی نے دیوبند میں جو پودا طب یونانی کے لئے لگایا تھا اس کو ڈاکٹر انورسعید اور ان کے بھائی ڈاکٹر اختر سعید نے ایک تناور درخت بنادیا ہے۔ جس سے ہندوستان کے نوجوان علم حاصل کرکے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں۔ کالج کے ایڈ منسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید نے کہا کہ ملک میں طب یونانی کے فروغ کے لئے جو کام کیا جارہا ہے اس میں ڈاکٹر انور سعید کی عظیم دریافت کی وجہ سے آج ڈاکٹر انور سعید کو ملک کے ہر میدان میں جانا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے تمل ناڈو اور حیدرآباد میں انہیں نیشنل ایوارڈس ملنا ہم سب کے لئے فخر کا مقام ہے۔ اس دوران کالج کے طاہر ہال میں فریشر پارٹی کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ وطالبات نے ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ جب کہ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شمیم ارشاد کا اسٹیٹ یونانی میڈیکل کالج الٰہ آباد اور ڈاکٹر عبدالخالق تکمیل و طب کالج لکھنؤ میں انتخاب ہونے پر انہیں وداعی دی گئی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر انور سعید نے دونوں اساتذہ کے روشن مستقبل کی تمنا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کا مقام ہے کہ ہمارے یہاں کے کافی اساتذہ طلبہ وطالبات سرکاری ملازمتوں میں اپنی خدمات پیش کررہے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں جامعہ طبیہ دیوبند کے طلبہ وطالبات بھی اسی طرح محنت اور دلجوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کرکے ملک کے ہر میدان میں اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے ۔ ڈاکٹر انور سعید نے کالج کے ان 6طلبہ اور طالبات جن کا انتخاب آل انڈیا پوسٹ گریجویٹ انٹرینس ٹیسٹ 2019میں منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری تعداد کے لئے بڑی بات ہے کہ ہمارے طلبہ وطالبات آل انڈیا پوسٹ گریجویٹ ٹیسٹ پاس کرکے اپنی محنت سے آگے بڑھیں گے اور جس محنت ولگن سے انہوں نے اس ٹیسٹ کو کوالیفائی کرکے کالج کا نام پورے ملک میں روشن کیا ہے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں ۔ پروگرام کی صدارت ڈاکٹر انور سعید نے کی اور نظامت ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی نے انجام دی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد فصیح، ڈاکٹر شائستہ پروین، ڈاکٹر ریحانہ علوی، ڈاکٹر مسرت جہاں، ڈاکٹر محمد اعظم عثمانی، ڈاکٹر مزمل، ڈاکٹر ناصر علی خاں، ڈاکٹر محفوظ احمد، دانش علوی، جمشید انور، ڈاکٹر شبلی اقبال، ثمن اقدس عثمانی، نشاط عثمانی، جاوید سمیت دیگر اسٹاف اور طلبہ طالبات موجود رہے۔

مزید پڑھیں

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیجئے

Close