بین الاقوامی

جرمنی کی سب سے بڑی مسجد بم کی دھمکی کے بعد خالی کرا لی گئی !

جرمنی کی سب سے بڑی مسجد بم کی دھمکی کے بعد خالی کرا لی گئی !
کولون ۔ 02 نومبر 2019 (ڈی. ڈبلیو)
جرمنی میں چند برس قبل تعمیر کی گئی مسلمانوں کی سب سے بڑی مسجد ٹیلی فون پر ملنے والی ایک بم دھمکی کے بعد خالی کرا لی گئی، پولس کو ڈیڑھ گھنٹے تک تلاشی کے باوجود وہاں سے کوئی بم نہ ملا ۔

کولون سے جمعہ یکم نومبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی کے این اے کی رپورٹوں کے مطابق اس شہر کے ایہرن فَیلڈ نامی حصے میں قائم یہ مسجد نہ صرف پورے جرمنی میں مسلمانوں کی سب سے بڑی عبادت گاہ ہے بلکہ ترک جرمن مساجد کی تنظیم دیتیب (Ditib) کی مرکزی جامع مسجد بھی ہے۔

کے این اے نے جرمن اخبار ‘کوئلنر اشٹڈ انسائیگر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات اکتیس اکتوبر کی سہ پہر تقریباﹰ عصر کی نماز کے وقت پیش آیا۔ مسجد کی انتظامیہ نے کسی نامعلوم شخص کی طرف سے ٹیلی فون پر دی گئی بم کی دھمکی کے بعد فوری طور پر پولس کو مطلع کر دیا تھا۔

تقریباﹰ اسی وقت موقع پر پہنچ جانے والے پولس اہلکاروں نے یہ مسجد خالی کرا لی اور مبینہ بم کی تلاش شروع کر دی۔ تاہم ڈیڑھ گھنٹے تک مسجد اور اس سے ملحقہ دیتیب کے مرکزی دفاتر کی تلاشی لینے کے باوجود جب وہاں سے کوئی بم برآمد نہ ہوا، تو پولس نے نمازیوں کو دوبارہ مسجد میں جانے کی اجازت دے دی۔

مبینہ بم کی تلاشی سے قبل مسجد میں بڑی تعداد میں موجود نمازیوں اور دیتیب کے ملکی صدر دفاتر میں موجود اس تنظیم کے عہدیداروں کو وہاں سے نکال لیا گیا تھا۔ پولس اس بارے میں تفتیش کر رہی ہے کہ اس مسجد میں مبینہ بم کی موجودگی کی ٹیلی فون پر دی جانے والی دھمکی کا پس منظر کیا ہے۔

جولائی میں بھی ایسی ہی دھمکی
اکتیس اکتوبر کی سہ پہر اس ٹیلی فونک دھمکی سے قبل اسی سال جولائی کے اوائل میں بھی اس مسجد کی انتظامیہ کو ایسی ہی ایک دھمکی دی گئی تھی۔ تب لیکن یہ دھمکی مسجد کی انتظامیہ کے نام ایک ای میل میں دی گئی تھی مگر اس واقعے کا بھی چھان بین کے بعد کوئی نتیجہ نہیں نکلا تھا۔

جرمنی کی ترک اسلامی تنظیم برائے مذہب یا Ditib ملک کی سب سے بڑی مسلم تنظیم ہے۔ اس تنظیم کے اپنے موقف کے مطابق وہ جرمنی میں مجموعی طور پر 856 خود مختار مساجد کی نمائندگی اور ان مساجد یا مسلم تنظیموں کی مذہبی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کو مربوط بنانے کا کام کرتی ہے۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق کولون سینٹرل مسجد کہلانے والی یہ مسلم عبادت گاہ نہ صرف جرمنی کی سب سے بڑی مسجد ہے بلکہ اس کا شمار یورپ کی سب سے بڑی مساجد میں بھی ہوتا ہے۔ اس کا باقاعدہ افتتاح ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے گزشتہ برس ستمبر میں کیا تھا۔

مزید پڑھیں

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیجئے

Close