بین الاقوامی

پاکستان : تیز گام ایکسپریس میں سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی ، 24 افراد جاں بحق !

پاکستان : تیز گام ایکسپریس میں سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی ، 24 افراد جاں بحق !
کراچی : 31 اکتوبر 2019 (ڈاؤن نیوز)
کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے قریب گیس سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 24 افراد جاں بحق جبکہ 32 مسافر زخمی ہوگئے۔

بدقسمت ٹرین کو حادثہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا۔

رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنر کے ترجمان نے حادثے میں 24 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق افراد میں سے کسی بھی اب تک شناخت نہیں ہوسکی۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق آگ کی شدت بہت زیادہ تھی جس نے تیزی سے دوسری بوگیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

جس کے فوری بعد زخمیوں کو مقامی افراد کی مدد سے قریبی شیخ زید ہسپتال اور بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال اور ملتان کے اٹالین برن یونٹ منتقل کیا گیا جبکہ ضلع بھر کے دیگر ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ آگ ٹرین کی بوگی نمبر 3 میں موجود سلنڈر پھٹنے سے لگی جس نے تیزی سے مزید 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ متاثرہ بوگی میں سوار مسافر رائیونڈ اجتماع میں شرکت کے لیے جارہے تھے اور آتشزدگی کی لپیٹ میں آنے والی تینوں بوگیاں خصوصی طور پر بک کروائی گئی تھی۔

متاثرہ بوگیوں میں زیادہ تر مرد حضرات سوار تھے جن کے پاس کھانا بنانے کے لیے سلنڈر بھی موجود تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے ٹرین میں دھماکا ہوا جس کے آواز سن کر دیگر مسافر تخریب کاری کے خطرے کے پیشِ نظر چلتی ہوئی ٹرین سے کود گئے۔

حکام کے مطابق چلتی ٹرین سے ریلوے ٹریک کے قریب پتھروں پر کودنے کے باعث زیادہ مسافر زخمی ہوئے جن میں 3 سے 4 خواتین بھی شامل ہیں۔

حادثے کے بعد سب سے پہلے مقامی افراد نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

آگ مسافروں کے ناشتہ بنانے کی وجہ سے لگی : شیخ رشید
حادثے کے بارے میں ابتدائی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ شید احمد نے بتایا کہ انہیں 10 سے 12 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

وزیر ریلوے نے بتایا کہ مسافر تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کے لیے رائے ونڈ جا رہے تھے ۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرین کی اکانومی کلاس میں موجود سلنڈر پھٹنے سے بوگیوں میں آگ لگی، جس پر مسافر ناشتہ بنارہے تھے اس کے ساتھ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2 گھنٹے میں ٹریک بحال کردیا جائے گا۔

حادثے کے سبب دیگر ٹرینوں کو ان کے قریبی اسٹیشنز پر ہی روک دیا گیا جبکہ اسی ٹریک پر آنے والی زکریا ایکسپریس کو لیاقت پور سے قبل خان پور اسٹیشن پر روکا گیا۔

دوسری جانب ریلوے حکام کے مطابق ٹرین میں سلنڈر لے جانے کی قطعاً اجازت نہیں ہے اور تحقیقات کے بعد اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ کس کی غفلت کے باعث مسافر ٹرین میں سلنڈر لے کر سوار ہوئے۔

مزید پڑھیں

Urdutimes@123

ہندوستان اردو ٹائمز پر آپ سب کا خیر مقدم کرتے ہیں

متعلقہ خبریں

جواب دیجئے

Close