اہم خبریں

ممتا کی شاہ سے ملاقات ، این آر سی پر گفتگو !

ممتا کی شاہ سے ملاقات ، این آر سی پر گفتگو !
مغربی بنگال کا نام بدلنے اور این آر سی ، بنگلہ دیش سے متصل سرحد سے متعلق مسائل پر گفتگو ۔
نئی دہلی ۔ 19 ستمبر 2019
وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے ایک روز بعد مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے آج مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔وزیرداخلہ سے ملاقات کے لیے ممتا بنرجی تقریباً ایک بجے نارتھ بلاک پہنچیں۔

انہوں نے نصف گھنٹے کی ملاقات کے بعد صحافیوں سے کہا کہ ‘ریاستوں کا مشترکہ طور پر کام کرنا ایک آئینی ذمہ داری ہے۔ اس ملاقات کے دوران آسام میں نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی) کے مسئلے پر بھی گفتگو کی۔’انہوں نے کہا کہ ‘گفتگو کے دوران آسام میں این آرسی کا مسئلہ اٹھایا اور اس تعلق سے انہیں ایک میمورنڈم بھی دیا۔’

محترمہ بنرجی نے کہا کہ ‘آسام میں جن 19 لاکھ افراد کا نام رجسٹر میں شامل نہیں کیا گیا۔ ان میں ہندی، بنگلہ بولنےوالے اور گورکھا افراد بھی شامل ہیں۔ کئی حقیقی رائے دہندگان کے نام بھی اس رجسٹر میں نہیں ہیں۔ ان کی زندگی میں اس سے بے یقینی پیدا ہوگئی ہے۔’انہوں نے کہا کہ ‘اس مسئلے پر بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بھی مخالفت درج کروائی ہے۔’

محترمہ بنرجی نے کہا کہ ‘وزیر داخلہ نے مغربی بنگال میں این آر سی کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔’ وزیراعلیٰ نے این آر سی کے معاملے پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ ‘مغربی بنگال میں این آر سی کی ضرورت نہیں ہے۔’

دونوں رہنماؤں کے درمیان مغربی بنگال کا نام بدلنے کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران بنگلہ دیش سے متصل سرحد سے متعلق مسائل پر بھی بحث ہوئی ہے۔ امت شاہ کے وزیر داخلہ بننے کے بعد ممتا بنرجی سے یہ پہلی ملاقات ہے۔

واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ نے بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور انہیں ریاست میں کوئلہ پروجیکٹ کے افتتاح کے لیے مدعو کیا تھا۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Close